(دنیا نیوز) پاکستانی فلم انڈسٹری میں 50 سال تک اپنے فن کا لوہا منوانے والے ورسٹائل اداکار یوسف خان کو مداحوں سے بچھڑے 15 برس بیت گئے۔
یوسف خان 10 اگست 1931 ءکو مشرقی پنجاب کے شہر فیروز پور میں پیدا ہوئے،1954 ءمیں فلم ’’پرواز‘‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، اس فلم میں مشہور اداکارہ صبیحہ خانم ان کی ہیروئن کے روپ میں جلوہ گر ہوئیں۔
اردو اور پنجابی فلموں میں یوسف خان نے اپنے کرداروں کو اس خوبی سے نبھایا کہ وہ یادگار ٹھہرے، انہوں نے ’’مجرم‘‘، ’’حسرت‘‘، ’’بھروسہ‘‘، ’’فیصلہ‘‘ اور ’’نیا دور‘‘ جیسی اردو فلموں میں اپنے فن کا لوہا منوایا۔
یوسف خان نے پنجابی فلموں میں بھی خوب نام کمایا،1962 ء میں فلم ’’پہاڑن‘‘ سے پنجابی فلموں میں اداکاری شروع کی، ’’ملنگی‘‘، ’’یارانہ‘‘، ’’باؤ جی‘‘، ’’ضدی‘‘،’’ وارنٹ‘‘، ’’ہتھکڑی‘‘، ’’جگنی‘‘، ’’شریف بدمعاش‘‘،’’ قسمت‘‘، ’’حیدر خاں‘‘ اور’’ بڈھا گجر‘‘ ان کی پنجابی فلموں میں سرفہرست ہیں۔
2006ء میں حکومت پاکستان نے یوسف خان کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا، انہیں نگار اور نگار ملینیم ایوارڈ بھی دیا گیا۔
لیجنڈ اداکار یوسف خان 20 ستمبر 2009ء کو لاہور میں انتقال کر گئے۔