(لاہور نیوز) معروف پاکستانی اداکارہ جویریہ عباسی نے دوسری شادی کی تفصیلات مداحوں کے ساتھ شیئر کردیں۔
حال ہی میں دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ جویریہ عباسی نے جہاں مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی وہیں انہوں نے اپنی شادی سے متعلق تفصیلات سے بھی مداحوں کو آگاہ کیا۔انٹرویو کے دوران دوسری شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے جویریہ عباسی نے بتایا کہ انہوں نے رواں برس 15 مارچ کو سادگی سے نکاح کیا جس کی تقریب ان کے گھر میں ہی منعقد ہوئی، نکاح کی تقریب میں اداکارہ کے اہلخانہ اور چند قریبی دوست احباب شریک ہوئے۔
اداکارہ نے اپنے دوسرے شوہر سے پہلی ملاقات کے بارے میں بتایا کہ میں اور عدیل حیدر پہلی بار مشترکہ دوست کے ہاں ڈنر پر ملے تھے، وہاں سے ہماری بات چیت شروع ہوئی جو آہستہ آہستہ محبت میں بدل گئی۔
جویریہ کا کہنا تھا کہ جب عدیل نے مجھے شادی کے لیے پرپوز کیا تو میں نے اس بارے میں اپنی فیملی اور اپنے بیسٹ فرینڈ اداکار شہود علوی کو بتایا تھا، فیملی اور شہود علوی نے مجھے کہا کہ عدیل حیدر سے شادی کرلو اور پھر الحمدللہ! ہم نے شادی کرلی۔
اداکارہ نے شوہر سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے دوسرے شوہر عدیل ایک بزنس مین ہیں۔خیال رہے کہ جویریہ عباسی کی پہلی شادی سال 1997 میں اداکار شمعون عباسی سے ہوئی تھی جو بعدازاں 2009 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی۔