(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا، سبز مصالحہ جات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔
ایک طرف سرکاری ریٹ لسٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف شہر کی مارکیٹوں میں سبزیاں من مانے نرخوں پر دھڑلے سے فروخت کی جارہی ہیں۔
سرکاری ریٹ لسٹ میں پیاز کے نرخ 140 روپے فی کلو مقرر کیے گئے ہیں جبکہ مارکیٹ میں پیاز 160 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، ٹماٹر کی قیمت 20 روپے اضافے کے بعد 135 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ مارکیٹ میں ٹماٹر 160 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
آلو کا سرکاری ریٹ بدستور 85 روپے کلو برقرار ہے جبکہ مارکیٹ میں آلو 100 روپے کلو فروخت ہو رہے ہیں، لہسن 505 روپے کے برعکس 600 روپے ، ادرک 585 روپے کے برعکس 700 روپے میں بیچا جارہا ہے۔
اسی طرح لیموں کی قیمت 20 روپے کے اضافے کے بعد 550 روپے کلو مقرر کی گئی ہے لیکن مارکیٹ میں لیموں 600 روپے کلو تک فروخت کیے جارہے ہیں۔
دوسری جانب برائلر گوشت کے نرخوں میں 15 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد برائلر گوشت کی قیمت 562 روپے فی کلو پر آگئی ہے جبکہ فارمی انڈے بدستور 301 روپے فی درجن میں بیچے جارہے ہیں۔