(لاہور نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایران کے شہر یزد میں المناک بس حادثے میں 35 پاکستانی زائرین کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔
ایران کے شہر یزد میں زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 35 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ 15 زائرین زخمی ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس المناک حادثے میں 35 پاکستانی زائرین کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، انہوں نے جاں بحق ہونے والے زائرین کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ۔
محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا ہے، تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی حادثے میں درجنوں زائرین کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے ، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمی زائرین کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں ۔