(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے اسٹار وہاج علی نے خواتین مداحوں کی وجہ سے اہلیہ کے عدم تحفظ کے بارے میں بتا دیا۔
پاکستان سمیت پڑوسی ملک بھارت میں بھی یکساں مقبولیت رکھنے والے معروف اداکار وہاج علی کو خواتین کی بڑی تعداد سوشل میڈیا پر فالو کرتی ہے۔وہاج علی گزشتہ کچھ دنوں سے اپنی ساتھی اداکارہ یمنیٰ زیدی امریکا کے دورے پر ہیں،جہاں ٹی وی اسکرین کی یہ جوڑی مختلف شہروں کے ایونٹس میں شرکت کررہی ہے۔
اس دورے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں ایک خاتون صحافی نے وہاج علی سے سوال کیا کہ نوجوان لڑکیاں اور آنٹیاں تک آپ کو بےحد پسند کرتی ہیں، کیا خواتین مداحوں کی وجہ سے آپ کی اہلیہ عدم تحفظ کا شکار ہیں؟
اس سوال کے جواب میں وہاج علی نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ میری اہلیہ کو خواتین مداحوں سے کوئی مسئلہ ہے کیونکہ وہ ایک بہترین انسان ہیں۔وہاج علی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میری اہلیہ اور یمنیٰ زیدی کے درمیان گہری دوستی ہے تو مجھے لگتا ہے کہ یہ اس سوال کا جواب بہتر دے سکتی ہیں۔
یمنیٰ زیدی نے کہا کہ وہاج کی اہلیہ ثناء بہت ہی شاندار خاتون ہیں، وہ فخر محسوس کرتی ہیں کہ لاکھوں لوگ اُن کے شوہر کے مداح ہیں۔اداکارہ نے مزید کہا کہ ثناء اپنے شوہر کی کامیابیوں میں اُن کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور ہمیشہ اُنہیں سپورٹ کرتی ہیں۔