سنیدھی چوہان پاکستانی موسیقاروں کی مداح ، بھارتی گلوکارہ نے تعریفوں کے پل باندھ دیے
(ویب ڈیسک) بھارت کی معروف گلوکارہ سنیدھی چوہان نے پاکستانی موسیقی کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے۔
سنیدھی چوہان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کی۔گلوکارہ نے کہا کہ میں نے پاکستان کے بہت سارے فنکاروں کے ساتھ کام کیا ہے اور میرا تجربہ بہترین رہا ہے کیونکہ مجھے ہمارے درمیان کوئی فرق نظر نہیں آتا۔
اُنہوں نے کہا کہ میں جب بھی کینیڈا، امریکا یا برطانیہ جاتی ہوں تو وہاں اپنے پاکستانی دوستوں اور مداحوں سے ملتی ہوں، اُن سے ملکر ایسا لگتا ہے کہ ہم ایک جیسے ہیں کیونکہ ہماری زبان، کھانے، ثقافت وغیرہ سب کچھ ایک جیسا ہے۔سنیدھی چوہان نے کہا کہ پاک بھارت عوام کے درمیان محبت اور اپنائیت کی وجہ پاکستانی موسیقی ہے جو سرحد پار سے آرہی ہے۔
گلوکارہ نے کہا کہ اگرچہ پاکستانی فلم انڈسٹری زیادہ بڑی نہیں ہے لیکن پاکستان کی موسیقی بہت زیادہ زبردست اور شاندار ہے، پاکستانی لوگ اپنے گلوکاروں کو بہت محبت دیتے ہیں جبکہ بھارت میں بھی پاکستانی فنکاروں کو بہت پیار ملتا ہے۔