(لاہور نیوز) ریکس تھیٹر میں ڈانسر ندا چودھری کی پرفارمنس کے دوران فائرنگ سے ہال میں بھگدڑ مچ گئی۔
ذرائع کے مطابق ریکس تھیٹر ملتان کی سکیورٹی سوالیہ نشان بن گئی، گزشتہ شب ریکس تھیٹر میں سٹیج ایکٹریس ندا چوہدری کی پرفارمنس کے دوران ہال میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں شائقین میں سے ایک شخص نے اچانک ندا چودھری کے رقص کے دوران فائرنگ شروع کردی۔
انتظامیہ کی جانب سے ہال میں فائرنگ کی فوٹیج منظر عام پرآگئی، فائرنگ کے بعد ہال سمیت گرین روم میں بھگدڑ مچ گئی اور کئی شائقین نے کرسیوں کے نیچے چھپ کر اپنی جانیں بچائیں، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واقعہ کے بعد ہال میں آنے والے شائقین نے انتظامیہ پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ ہال میں اسلحہ کا پہنچ جانا سکیورٹی کے لیے سوالیہ نشان بن گیا ہے ، اگر انتظامیہ نے سکیورٹی پر توجہ نہ دی تو کل کوئی بڑا سانحہ رونما ہوسکتا ہے ۔