ملک میں ایکسپورٹ ایمرجنسی کی ضرورت، برآمدات کو 100 ارب ڈالر سے زیادہ کرنا ہے: احسن اقبال
(لاہورنیوز) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ایکسپو رٹ کسی بھی ملک کی برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے، برآمدات کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہم نے برآمدات کو 100 ارب ڈالرسے زیادہ کرنا ہے۔
وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایکسپورٹ ایمرجنسی کی ضرورت ہے، حکومت نے فائیو ایز فریم ورک بنایا ہے، فائیوایز کا بنیادی ستون برآمدات کا فروغ ہے، پاکستان معاشی مشکلات سے دوچار ہے، برآمدات بڑھاکر ہی معیشت ٹھیک ہوسکتی ہے، ایکسپورٹ میں اضافے سے ہی ہم آئی ایم ایف کی غلامی سے نکل سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ برآمدات کو فروغ دے کر ہی قرضوں سے جان چھڑا سکتے ہیں، آئی ایم ایف کا پروگرام 3 سال کی کڑوی گولی ہے، آئی ایم ایف کی کڑوی گولی ہم نے نگلنی ہے، پاکستان زرمبادلہ کمائے گا تو اس سے روپیہ مستحکم ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ روپیہ مستحکم ہوگا تو ملک میں مہنگائی میں کمی آئے گی، تجاری اکاؤنٹ میں توازن ہوگا تو ہم خود انحصاری کی طرف جاسکتے ہیں۔