جماعت اسلامی کا دھرنا چوتھے روز میں داخل، حکومت کیساتھ مذاکرات کا آج دوسرا دور
(لاہور نیوز) جماعت اسلامی نے مطالبات منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا عندیہ دے دیا۔
جماعت اسلامی کا راولپنڈی کے لیاقت باغ میں مہنگائی اور مہنگی بجلی کیخلاف دھرنا چوتھے روز میں داخل ہو گیا، دھرنے میں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے جبکہ دھرنے کے شرکاء نے رات کے وقت بھی لیاقت باغ میں ہی ڈیرے ڈالے رکھے۔
جماعت اسلامی کی جانب سے مذاکرات کی کامیابی تک دھرنا جاری رکھنےکا اعلان کیا گیا ہے جبکہ حکومت اورجماعت اسلامی کےدرمیان مذاکرات کادوسرا دور آج ہوگا۔
حکومت نے جماعت اسلامی کے گرفتار تمام کارکنوں کو رہا کردیا ہے جبکہ حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا ہے کہ مطالبات ٹالنےکی کوشش نہ کریں، دھرناتمام مطالبات تسلیم کرنے پرہی ختم ہوگا۔
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نےدھرنےکےشرکاء سےخطاب کرتےہوئےکہا کہ ابھی تو دھرنوں کا اعلان کیا ہے،ہڑتال کا آپشن باقی ہے،ڈی چوک اور پارلیمنٹ کا آپشن بھی کھلا ہے،جب ہڑتال ہوگی تو ساری فیکٹریاں بھی بند ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف صاحب! ہمارا موڈ سمجھ لو،ریلیف لینے آئے ہیں، مطالبات کو مان لیں اسی میں بھلائی ہے،ہم حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے،کنٹینرز ہمارا راستہ نہیں روک سکتے، یہ چاہتےہیں کہ آئی پی پیز کادھندا چلتا رہے۔
لاہور دھرنا
دوسری جانب جماعت اسلامی نے لاہور میں بھی دھرنا دینے کا اعلان کر دیا، لاہور میں جماعت اسلامی کی خواتین کارکنوں نے منصورہ ملتان روڈ پر دھرنا دے دیا ۔
پولیس نے خواتین کارکنوں کوراولپنڈی جانےسےروک دیا، پولیس نے خواتین کو بسوں سے اتارا اور بسیں تھانہ چوہنگ لے جا کر بند کر دیں۔
جماعت اسلامی کی خواتین نے ملتان روڈ پر دھرنا دیتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے اور ہم اپنا حق چھین کر بھی لیں گی۔