(لاہور نیوز ) بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں تعینات ایف آئی اے افسران کی دیانت داری اور کارکردگی کے معاملہ پر ایف آئی اے نے پاور ڈویژن کے سنگین الزامات کو مسترد کردیا۔
ایف آئی اے نے سیکرٹری پاور ڈویژن کو خط لکھ دیا، پاور ڈویژن کے لکھے گئے خط پر ایف آئی اے نے اظہار تشویش کیا، خط کے متن میں لکھا گیا کہ پاور ڈویژن نے بجلی چوری اور کرپشن روکنے کیلئے تعینات ایف آئی اے افسران پر سنگین الزامات عائد کئے تھے، کسی ایف آئی اے افسر سے متعلق شکایت ہے تو نام کے ساتھ واضح کیا جائے۔
ایف آئی اے نے خط میں کہا کہ بجلی چوری اور کرپشن کے خلاف 185 مقدمات درج کئے، کرپشن میں ملوث 85 اہلکاروں کو گرفتار،67 کروڑ کی ریکوری کی گئی۔
خط میں ایف آئی اے نے سیکرٹری پاور ڈویژن سے مطالبہ کیا کہ ایف آئی اے افسران پر لگنے والے سنگین الزامات کا جائزہ لیا جائے، جن افسران کیخلاف شکایت ہے تو نام بتائیں، کارروائی کریں گے۔