(لاہور نیوز) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران رواں ماہ 38 دہشت گرد گرفتار کئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی لاہور، رحیم یار خان، نارووال، راولپنڈی، ملتان، جھنگ، سرگودہا، خانیوال، وہاڑی، بہاولپور، لودھراں، بہاول نگر، بھکر و دیگر علاقوں میں کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ لودھراں سے ٹی ٹی پی کا ایک عسکری تربیت یافتہ اور بہاولپور سے داعش کا ایک اہم کمانڈر گرفتار کیا گیا جبکہ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹونیٹر 29، حفاظتی فیوز وائر 50 فٹ، گولیاں، اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد کر لئے۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت فہیم، وحید، سعود، طاہر، باچہ، شاہد، رحمان گل، شیر جان، عمر ایاز، سبحان وغیرہ کے نام سے ہوئی ہے، دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اہم تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے میں 2581 کومبنگ آپریشنز کے دوران 412 مشتبہ افراد گرفتار کئے، کومبنگ آپریشنز میں 107743 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے، دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں۔