(لاہور نیوز) مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اولمپکس جیسے میگا سپورٹس ایونٹس پوری دنیا کو صحت مند مقابلے کیلئے قوت کے طور پر کام کرتے ہیں۔
مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے پیرس میں یونیسکو کے زیر اہتمام وزارتی فورم میں شرکت کی،رانا ثناء اللہ نے یونیسکو کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ’چینج دی گیم‘ وزارتی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے 2024 کے پیرس اولمپک کھیلوں کے سلسلے میں اس اعلیٰ سطح کے فورم کے انعقاد کیلئے یونیسکو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اولمپکس جیسے میگا سپورٹس ایونٹس پوری دنیا کو صحت مند مقابلے میں اکٹھا کرنے میں ایک قوت کے طور پر کام کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چوبیس کروڑ آبادی کا ملک ہے، آبادی کا دو تہائی حصہ 24 سال سے کم عمر پر مشتمل ہے، جس سے پاکستان دنیا کے نوجوان ترین ممالک میں شامل ہے، وزیر اعظم پاکستان نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ’وزیر اعظم یوتھ پروگرام‘کا آغاز کیا ہے۔
رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت پاکستان بھر میں 12 مختلف گیمز کے لیے یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
واضح رہے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ پیرس 2024 اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پیرس میں ہیں۔