(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شہر میں موسلادھار بارش کے بعد انتظامیہ اور واسا حکام کو فیلڈ میں پہنچنے کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے لاہور سمیت تمام شہروں میں نکاسی آب کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عملہ اور افسران پانی کی نکاسی مکمل ہونے تک فیلڈ میں رہیں ،مرکزی سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے بلا تعطل کام کیا جائے، بارش کے بعد سڑکوں، بازاروں اور گلیوں میں پانی نظر نہیں آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس سڑکوں کو کلیئر کرائے، ٹریفک جام نہیں ہونا چاہیے، انتظامیہ اور واسا متحرک رہیں، نکاسی آب کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، لاہور اور دیگر شہروں میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔
مریم نواز نے کہا کہ شہریوں کی مدد کیلئے ٹریفک وارڈنز فیلڈ میں فرائض سرانجام دیں، نشیبی علاقوں سے عوام کی بروقت محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جائے، نشیبی علاقوں کے عوام کو صورتحال سے پیشگی خبردار کیا جائے، متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود ر ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری کردہ احکامات اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، کسی سڑک پر بارش کا پانی زیادہ دیر تک کھڑا نہیں ہونا چاہیے۔