(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں عاشورہ کے حوالے سے سکیورٹی صورتحال پر ہر گھنٹے بعد رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے وزراء اور کیبنٹ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کوضلعی، ڈویژنل اور صوبائی کنٹرول رومز کے دورے کرنے کی ہدایت کی اور متعلقہ افسران کوتمام جلوس ختم ہونے تک فیلڈ میں مانیٹرنگ جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ یوم عاشور پر امن وامان کا قیام ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، مجالس اور جلوسوں کیلئے روٹ اور وقت کی پابندی ناگزیر ہے، مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے امن کمیٹیوں کے ارکان کو ساتھ رکھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں، سکیورٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی، اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام الناس سے اپیل کی کہ حفاظت پر مامور سکیورٹی اداروں سے بھرپور تعاون کیا جائے۔