(لاہور نیوز)صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کو محفوظ بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں عاشورہ کے جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے 7ہزار 490 جدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں،محکمہ داخلہ صوبہ بھر کے 36 اضلاع سے کیمروں کی لائیو فیڈ لے رہا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ نے بتایا ہے کہ آرٹیفشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے لیس کیمروں کی لائیو فیڈ محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک ہے جبکہ تمام اضلاع میں قائم کردہ کنٹرول رومز میں بھی کیمروں سے مانیٹرنگ جاری ہے۔
لاہور ڈویژن میں عاشورہ کی مانیٹرنگ کیلئے 2 ہزار 67 کیمرے نصب کیے گئے ہیں، ڈی جی خان ڈویژن میں ایک ہزار 72 اور گوجرانوالہ ڈویژن میں 863 کیمروں کی تنصیب کی گئی ہے۔
اسی طرح ملتان ڈویژن میں 750، راولپنڈی ڈویژن میں 734، سرگودھا ڈویژن میں 562 اور ساہیوال ڈویژن 514 کیمرے نصب کیے گئے ہیں، فیصل آباد ڈویژن میں 476 اور بہاولپور ڈویژن میں 452 جدید کیمروں کی تنصیب کی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ محکمہ داخلہ کے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق جلوسوں و مجالس کو تین درجاتی سکیورٹی فراہم کی گئی ہے، فیلڈ فورسز مکمل ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے پوری طرح مستعد ہیں۔