(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر نوجوان کو معاشی خود مختاری کے لیے ہنر مند بنانا ہمارا ویژن ہے۔
ورلڈ یوتھ سکلز ڈے کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ورلڈ یوتھ سکلز ڈے پائیدار مستقبل کی تعمیر میں نوجوانوں کے اہم کردار کو سمجھنے کا دن ہے، ہنر مندنوجوان ہی ہماری سرمایہ کاری اور اثاثہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں ترقی کے لیے درکار مہارتوں سے روشناس کرانا چاہیے، پنجاب حکومت اپنے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عالمی جاب مارکیٹ میں مسابقت کے لیے نوجوانوں کےلئے انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی ناگزیرہے، چیف منسٹر سکلز ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت ٹیوٹا کورسز کیلئے طلبہ کی تعداد بتدریج 40 ہزار تک کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مڈل ٹیک ، میٹرک ٹیک اور انٹر میڈیٹ ٹیک متعارف کروا رہے ہیں، پنجاب کے ہر نوجوان کو معاشی خود مختاری کے لیے ہنر مند بنانا ہمارا ویژن ہے۔