14 Jul 2024
(لاہور نیوز) ٹی20 ورلڈکپ میں ناقص پرفارمنس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بڑے کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ سینئر کرکٹرز کی تنخواہوں میں کٹوتی کا منصوبہ بنا چکا ہے تاہم انکی کیٹیگریز میں کوئی تنزلی نہیں کی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کئی نامور کرکٹرز بورڈ کی جانب سے تنخواہوں میں کٹوتی کے انتہائی اقدام پر ناخوش ہیں اور ہو سکتا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ 2024-25 پر دستخط کرنے میں دلچسپی نہ دکھائیں، سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی تنخواہ 60 لاکھ سے کم ہو کر 40 لاکھ ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے تینوں فارمیٹس کھیلنے والے کرکٹرز کو فرنچائز لیگز کیلئے این او سی دینے سے بھی انکار کر دیا ہے تاکہ کرکٹرز کی انجریز اور ورک لوڈ کو مینج کیا جا سکے۔