(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستانی اور عراقی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاکستان میں عراق کے سفیر حامد عباس لفته نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔
سردار سلیم حیدر خان نے مقدس مقامات کی زیارات کے لیے جانے والے زائرین کو سہولیات فراہم کرنے پر عراقی حکومت کے کردار کو سراہا، ملاقات میں لاہور سے پی آئی اے اور عراقی ہوائی کمپنی کے ذریعے زائرین کی روانگی پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حید رخان کا کہنا تھا کہ عراق کے ساتھ پاکستان کے مضبوط سفارتی تعلقات ہیں ، دونوں ممالک مشترکہ اسلامی اور ثقافتی پس منظر رکھتے ہیں، پاکستان اور عراق کی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے، فلسطین کے مسئلے پر اسرائیلی مظالم کے خلاف دونوں ممالک کا یکساں مؤقف ہے۔