چیمپئنز ٹرافی: بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے اور ہائبرڈ ماڈل کی خبریں بے بنیاد قرار
(ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے اور ہائبرڈ ماڈل کی خبروں کو مسترد کردیا۔
بھارتی بورڈ کے آفیشلز نے خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیوٹرل وینیو کی خبروں سے لاتعلقی کا اظہارکر دیا۔
بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ ایسی خبریں کہاں سے آئی ہیں، بی سی سی آئی نے اس حوالے سے باضابطہ طور پر ابھی کوئی بیان نہیں دیا۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل بھارتی میڈیا نے ایک دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے میچز کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی اور چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوگی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے اور چیمپئنز ٹرافی فروری، مارچ 2025 میں کھیلی جانی ہے، پاکستان نے آئی سی سی سے چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول بھی شیئر کردیا ہے جس کے مطابق بھارت کے تمام میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں رکھے گئے ہیں۔