(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ لاڈلے کی محبت ہر چیز پر غالب آ جاتی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کل کا دن پاکستان کی تاریخ میں سیاہ ترین دن تھا، تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن میں جو غلطیاں کیں وہ وکلاء کو درست کرنی چاہیے تھیں لیکن عدالت نے درست کر دیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل نے خود تسلیم کیا اس نے الیکشن نہیں لڑا، آئین ہار گیا بیگمات جیت گئیں، سوال یہ ہے ایک پارٹی کیلئے اتنا پیار کیوں ہے، لاڈلے کی محبت ہر چیز پر غالب آ جاتی ہے، وہ شخص ریلیف نہ بھی مانگے پھر بھی اس کو دیا جاتا ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نظریہ ضرورت ہمیشہ قوموں کو نقصان پہنچاتا ہے، قومیں ہمیشہ اپنی غلطیوں سے سیکھتی ہیں، ہم نے اچھے بچوں کی طرح تمام فیصلوں کو تسلیم کیا، کل عمران خان کو فائدہ پہنچایا گیا، پی ٹی آئی کو وہ ملا جو انہوں نے مانگا ہی نہیں تھا، آئین کو کسی بھی صورت شکست نہیں ہونی چاہیے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایجنسیوں کی مداخلت ہو تو پھر پانامہ جیسا فیصلہ آتا ہے، نواز شریف کو خیالی تنخواہ پر نااہل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مخصوص جماعت سوشل میڈیا کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے، سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی گروپس کی چیٹ چل رہی ہے، کچھ صحافی اور پی ٹی آئی کے لوگ چیٹ کر رہے ہیں، چیٹ میں طریقہ بتایا جا رہا ہے فیصلے کیسے لینے ہیں۔