(ویب ڈیسک) سابق سلیکٹر بلال افضل کو ایڈاوئزر ٹو پی سی بی چیئرمین مقرر کردیا گیا۔
بلال افضل کو بطور نان ووٹنگ ممبر سینئر اور جونیئر سلیکشن کمیٹی میں بھی شامل کرلیا گیا ہے، چند روز قبل عبدالرزاق اور وہاب ریاض کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ناقص پرفارمنس کی وجہ سے فارغ کرنے کے بعد سلیکشن کمیٹی کے ارکان کی تعداد کم کی گئی تھی۔
تشکیل دی گئی نئی کمیٹی میں شامل محمد یوسف، اسد شفیق، کپتان اور ہیڈ کوچ اب سینئر اور جونیئر ٹیموں کا انتخاب کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئی سینئر اور جونیئر سلیکشن کمیٹی میں نان ووٹنگ ممبران کو بھی حصہ بنالیا ہے۔
پی سی بی نے اپنی ویب سائٹ پر سلیکشن کمیٹی ممبران کی لسٹ کو اپ ڈیٹ کردیا ہے جس کے تحت سلیکشن کمیٹی میں چار ووٹنگ اور پانچ نان ووٹنگ ممبران ہوں گے۔
سلیکشن کمیٹی سینئر اور جونیئر دونوں سطح کی ٹیموں کا انتخاب کرے گی، ووٹنگ ممبران میں ٹیم کا کپتان اور ہیڈ کوچ، سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف اور اسد شفیق شامل ہوں گے۔