(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کا سیوریج و واٹر سپلائی نظام بہتر بنانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے واضح احکامات دیئے گئے کہ سیوریج اور واٹر سپلائی سسٹم کو بہتر بناکر لوگوں کو ریلیف دیا جائے،وزیراعلیٰ کے احکامات کے پیش نظر لاہور کا سیوریج و واٹر سپلائی انفراسٹرکچر بہتر بنانے کا پلان بنا لیا گیا، واسا نے سیوریج اور واٹر سپلائی سے متعلق حدود میں توسیع کرنے کے لیے ورکنگ پیپر وزیراعلیٰ آفس کو ارسال کر دیا۔
واسا نے سروس ایریا بڑھانے اور ماسٹر پلان پر عمل درآمد کے لئے جامع پلان بنا لیا، سیوریج و واٹر سپلائی انفراسٹرکچر کی تفصیلات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پیش کر دی گئیں، واسا کے سروس ایریا اور نان سروس ایریا کا ماسٹر پلان بھی پیش کر دیا گیا۔
سیوریج اور واٹر سپلائی سسٹم کے لیے نیا انفراسٹرکچر بچھایا جائے گا، سروس ایریا کی توسیع کے لئے رائیونڈ اور چک جمرا کو واسا میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، پانچ یونین کونسلز پر مشتمل پانچ لاکھ آبادی کا علاقہ رائیونڈ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام ہے۔
واسا کی جانب سے رائیونڈ میں نیا انفراسٹرکچر بچھانے کے لیے 603 ملین روپے کی استدعا کی گئی ہے،دو یونین کونسلز پر مشتمل چک جمرا بھی ایم سی ایل کے زیر انتظام ہے، چک جمرا میں واسا سروس بچھانے کے لیے ایک سو ملین روپے کے فنڈز کی استدعا کر دی، فنڈز کے اجراء کے بعد واسا کے سروس ایریا میں توسیع کی جائے گی۔