(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سابق وفاقی وزیر پرویزخٹک نے اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی، ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے کی۔
دوران سماعت بشری ٰبی بی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل سے کمرہ عدالت پیش کیا گیا جبکہ سابق وزیر زبیدہ جلال اور سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان عدالت پیش نہ ہوئے۔
اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران بنی گالہ کے پٹواری پر جرح بھی مکمل کرلی گئی جبکہ ریفرنس میں مجموعی طور پر 31گواہان کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں اور30 پر جرح مکمل کر لی گئی ہے۔
آج ہونے والی سماعت میں سابق وفاقی وزیر پرویزخٹک نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا جس کے بعد اڈیالہ جیل میں 190ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت 13جولائی تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔