(لاہور نیوز) لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج برہان وانی کا یوم شہادت منارہے ہیں۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے گاؤں شریف آباد ترال میں پیدا ہونے والے نوجوان برہان وانی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سامراج کی طرف سے اپنی قوم پر ظلم کے پہاڑ ٹوٹتے دیکھ کر برداشت نہ کر سکے اور تعلیم کو چھوڑ کر کاروان حریت میں شامل ہو گئے۔
برہان وانی نے گوریلا جنگ کو دنیا کے سامنے ایک نئے انداز میں متعارف کرایا، انہوں نے بندوق کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کو مقبول بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا بھی خوب استعمال کیا۔
8 جولائی 2016ء کے روز 22 سالہ کشمیری نوجوان برہان وانی کو بھارتی قابض فوج نے شہید کیا، ان کی شہادت کے بعد مزاحمت کی تاریخ میں سب سے زیادہ طویل ترین ہڑتالوں اور مظاہروں کا آغاز ہوا اور بھارت مخالف مظاہروں کے دوران سیکڑوں کشمیری شہید اور زخمی ہوئے۔