(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے گورننگ بورڈ کا اجلاس آج نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگا، اجلاس میں بجٹ 25-2024 کی منظوری دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس شام 4 بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے میٹنگ روم میں ہوگا، اجلاس کے ایجنڈے میں بجٹ 25-2024 کی منظوری دی جائے گی۔ قومی کرکٹ ٹیم کی پرفارمنس اور چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملات بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی گورننگ بورڈ کو اپنے اقدامات پر بریفنگ دیں گے، چیئرمین پی سی بی کراچی، لاہور اور راولپنڈی سٹیڈیمز کی اَپ گریڈیشن کے بارے بھی آگاہ کرینگے۔
گورننگ بورڈ کے اجلاس میں تمام ممبران شرکت کریں گے ، گورننگ بورڈ کے اجلاس میں مصطفیٰ رمدے، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور آزاد کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سجاد کھوکھر شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ ڈیرہ مراد جمالی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ظفراللہ جندل،لاڑکانہ ایسوسی ایشن کے صدر تنویر احمد،بہاولپور کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدرطارق سرور بھی اجلاس میں شریک ہوں گے ۔
ایس این جی پی ایل کے نمائندے اسماعیل قریشی، غنی گلاس کے انوار احمد خان، سٹیٹ بینک کے نمائندے جاویداقبال، پی ٹی وی کے اسامہ اظہر اور کابینہ کمیٹی کا نمائندہ بھی شرکت کرے گا ۔
قبل ازیں پی سی بی گورننگ بورڈ کا آخری خصوصی اجلاس فروری میں ہوا تھا۔