(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر کے مختلف شہروں میں علی الصبح موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد موسم میں خوشگوار تبدیلی آ گئی۔
صبح سویرے پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ، پانی جمع ہونے کے باعث گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، بارش کی وجہ سے متعدد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن سمیت دیگر مقامات پر خوب بادل برسے۔
لاہور کے علاوہ مریدکے، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، صفدر آباد، جڑانوالہ، فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کامونکی، نارووال، اوکاڑہ، جھنگ، بہاولپور، رینالہ خورد، کوٹ ادو، بھلوال، کبیروالا، حافظ آباد، منچن آباد، شورکوٹ، پاکپتن اور دیگر شہروں میں بھی صبح کے وقت کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونیوالی بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہو گیا، موسم ٹھنڈا ہونے کی وجہ سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، بارش کی وجہ سے بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔