(لاہور نیوز) گزشتہ روز کی بارش کے باعث شہر لاہور میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا، ہوائیں چلنے کے باعث شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا، آسمان پر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کم سے کم درجہ حرارت 30 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق آج ہوا کی رفتار 34 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد تک جا پہنچا ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج اور کل وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔ 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں،نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں ۔