جگن کاظم کی شادی کی 11 ویں سالگرہ،اداکارہ کی ڈولی میں بیٹھنے کی تصویر سوشل میڈیا پروائرل
(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان و اداکارہ جگن کاظم نے منفرد انداز میں شادی کی سالگرہ منا کر شوہر کو حیران کردیا۔
جگن کاظم نے اپنی شادی کی 11ویں سالگرہ کے موقع پر شوہر کو انوکھا سرپرائز دیا جس کی ویڈیو اُنہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر پوسٹ کی۔میزبان اپنی شادی کی 11ویں سالگرہ پر ڈولی میں بیٹھ کر اپنے گھر پہنچیں اور صرف یہی نہیں، اُنہوں نے ڈولی کے ساتھ بینڈ باجے کا بھی انتظام کیا، جب جگن کاظم نے نئی نویلی دلہن کی طرح اپنے گھر انٹری دی تو اُن کے شوہر فیصل نقوی حیران رہ گئے۔
اُنہوں نے ویڈیو میں کہا کہ میں نے اپنے شوہر سے کہہ دیا تھا کہ میں ہمیشہ شادی کی سالگرہ پر جو پاگل پن کرتی ہوں، وہ اس بار نہیں کروں گی، پھر آپ کو شرمندہ بھی نہیں ہونا پڑے گا۔جگن کاظم نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں نے یہ سب جھوٹ بولا تھا کیونکہ شوہر کو خوش کرنے کے لیے اتنا جھوٹ تو بول ہی سکتے ہیں۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں شوہر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میں نے دوبارہ وہی کردیا، میں گزشتہ 11 سال سے شادی کی سالگرہ پر آپ کو شرمندہ کرنے کےلیے انوکھے طریقے تلاش کررہی ہوں۔
آخر میں جگن کاظم نے اپنے شوہر فیصل نقوی کو شادی کی سالگرہ کی مبارکباد بھی دی۔واضح رہے کہ جگن کاظم کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوگئی تھی، پہلی شادی سے اداکارہ کا ایک بیٹا بھی ہے، اُنہوں نے سال 2013 میں فیصل نقوی کے ساتھ دوسری شادی کی ہے۔