پارلیمنٹ میں موجود لوگوں کا جمہوریت اور آئین سے کوئی تعلق نہیں: نعیم الرحمان
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں موجود لوگوں کا جمہوریت اور آئین سے کوئی تعلق نہیں۔
لاہور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھاکہ جمہوریت کو فروغ دینے کیلئے الیکشن کے پراسیس کو یرغمال بننے سے روکنا ہوگا، جاگیردار، وڈیرے اور سرمایہ دارنظام کو طاقت سے یرغمال بنالیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی جماعتوں میں جمہوریت نہیں، کوئی وراثت پر چل رہی ہے تو کوئی وصیت پر چل رہی ہے، جمہوریت صرف جماعت اسلامی اور وکلاء میں ہے جہاں الیکشن ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کےمقاصد اور نظریئے کی تکمیل کی تحریک کسی صورت پیچھے نہیں جانی چاہیے، پاکستان اپنی اصل اور حقیقی منزل پر پہنچےگا، اس کیلئےعدل اور انصاف کی بالادستی کا نظام قائم کرنا ہوگا، عدل کے نظام میں صرف اسلام نہیں اقلیتوں کی بھی فلاح ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف امریکی جنگ میں شرکت سے ہمارے حالات خراب ہوئے۔