(ویب ڈیسک ) سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے اپنی بھانجی زارا نور عباس کی شادی پر ہی ڈرامہ نگار اقبال حسین سے شادی کا فیصلہ کرلیا تھا۔
حال ہی میں بشریٰ انصاری نے اپنی بہن و اداکارہ اسما عباس کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی دوسری شادی سے متعلق کُھل کر بات کی۔بشریٰ انصاری نے کہا کہ مجھے دوسری شادی کا فیصلہ کرنے میں ڈیڑھ سال لگا، میرے بڑے بھائی اور قریبی دوستوں نے جب اقبال حسین سے ملاقات کی تو اُنہوں نے مجھے جلد شادی کرنے کا مشورہ دیا۔
سینئر اداکارہ نے کہا کہ اُس وقت میری والدہ بھی حیات تھیں تو اُنہیں بھی اقبال حسین کی شخصیت نے بہت متاثر کیا تھا،والدہ بھی یہی چاہتی تھیں کہ میں اقبال حسین سے شادی کرلوں۔اُنہوں نے کہا کہ اُسی دوران، میری بہن اسما عباس کی بیٹی زارا نور عباس کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا تھا، فیملی کے تمام لوگ ہی جمع تھے تو اس دوران سب نے ایک بار پھر میری دوسری شادی کی بات چھیڑ دی، پھر میں نے زارا نور کی شادی پر ہی اقبال حسین سے شادی کا فیصلہ کرلیا تھا۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ فیصلے کے فوری بعد ہی میں نے اقبال حسین سے شادی کرلی تھی، میرا دوسری شادی کا کوئی ارادہ نہیں تھا کیونکہ 60 سال کی عمر میں کوئی بھی شادی کا نہیں سوچتا، سب کچھ اللہ کی مرضی سے ہوا۔سینئر اداکارہ نے کہا کہ میں پہلی شادی میں ناکامی کے بعد 10 سال تک اکیلی رہی، اس طویل عرصے کے دوران کبھی تنہائی کا شکار نہیں ہوئی تھی بلکہ آزادی اور خوشی سے زندگی گزار رہی تھی، میرے پاس زندگی کی ہر آسائش موجود تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ میری طرح اقبال حسین نے بھی 8 سال تک تنہا زندگی گزاری، میںجب اُن کی زندگی میں شامل ہوئی تو وہ اُس وقت اکیلے تھے، اُن کی اپنی سابقہ اہلیہ سے علیحدگی ہوچکی تھی تو میں یہاں یہ بات واضح کرنا چاہوں گی کہ میں نے کسی کا گھر نہیں اُجاڑا اور نہ ہی کسی کے بچے الگ کیے۔