(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز نے "منشیات سے پاک پنجاب" کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انسداد منشیات کے عالمی دن پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج ہم اپنے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے منشیات سے پاک پنجاب کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، منشیات کا استعمال زندگیاں اور خاندان تباہ کرتا ہے، ہمیں اس خطرے سے لڑنے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں سے اپیل کرتی ہوں وہ آگاہی پھیلائیں اور نشے کے خلاف لڑنے والوں کی مدد کریں، پنجاب حکومت منشیات کی سمگلنگ اور استعمال کو روکنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، تعلیم اور آگاہی منشیات کے استعمال کو روکنے کی کلید ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ منشیات کی سمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بلا امتیاز کارروائی کے احکامات دیئے ہیں ،منشیات کے خلاف جنگ میں اجتماعی کوشش کی ضرورت ہے، ہر شہری اس مقصد میں فعال طور پر حصہ لے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ منشیات کے متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، آپ اس جنگ میں اکیلے نہیں ہیں ،اپنے نوجوانوں میں منشیات کی لت کو روکنے کے لیے کمیونٹی کے رشتے اور سپورٹ سسٹم کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئیے اپنے بچوں کے لیے منشیات کے خطرات سے پاک محفوظ ماحول پیدا کرنے کا عہد کریں، عوام کی صحت اور سلامتی سب سے اہم ہے، منشیات کے خلاف جنگ کے لیے وسائل اور مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔