حکومت کی کوشش ہو گی عمران خان کو جتنی دیر ہو سکے جیل میں رکھا جائے: رانا ثناء اللہ
(ویب ڈیسک) وزیر اعظم کے مشیر اور سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کی پوری کوشش ہو گی کہ عمران خان کو جتنی دیر جیل میں رکھا جا سکتا ہے رکھا جائے، ہم آئین و قانون کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو اندر رکھیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے انقلاب لانا نہیں اور ڈائیلاگ پر وہ یقین نہیں رکھتے تو کیا کرنا چاہیے؟، عمران خان کا بیانیہ اور سیاسی ایجنڈا یہی ہے کہ ملک کو غیر مستحکم کیا جائے، فتنہ پھیلایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ اور مینڈیٹ ہمیں بھی ملا ہے لیکن کسی کو افراتفری پھیلانے کا ووٹ نہیں ملا، جمہوریت میں ڈائیلاگ کےعلاوہ کوئی اورراستہ نہیں اسی سے معاملات حل ہوں گے، کیس پر کیس ہمارے خلاف بھی بنتے رہے، بانی پی ٹی آئی کو سزائیں عدالت سے ہوئی ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی باہر آ بھی جائیں گے تو طوفان نہیں آئے گا، جو بات کل کر رہے تھے وہی آج کر رہے ہیں اور مستقبل میں بھی وہی بات کریں گے، عمران خان جمہوریت کے ساتھ آگے بڑھنے کی بات کرے تو ہمیں اس کی ذات سے دشمنی نہیں ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے مزید کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جمہوریت پر یقین نہیں رکھتا، ہم سیاسی و جمہوری لوگ ہیں، محمود خان اچکزئی نے کوئی بات کر دی تو اس دن عمران خان ان سے مینڈیٹ لے لیں گے۔