(لاہور نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سید حسن مرتضٰی نے کہا ہے کہ پاور شیئرنگ کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے ساتھ مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
میڈیا نمائندوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے پی پی رہنما سید حسن مرتضٰی کا کہنا تھا کہ پی پی پی کی مذاکراتی کمیٹی کے ممبران چیئرمین بلاول بھٹو کو رپورٹ پیش کریں گے ، بلاول بھٹو کی منظوری کے بعد حتمی اعلامیہ جاری ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں جماعتوں کی کمیٹی ہر 15 دن بعد میٹنگ کیا کرے گی، جن امورپر اتفاق ہوگا کمیٹی ان پر عملدرآمد کی ذمہ دار ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں پاور شیئرنگ کا فارمولہ سامنے آگیا
اس حوالے سے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما و مذاکراتی کمیٹی کے رکن ندیم افضل چن نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے خوش اسلوبی سے بات چیت ہوئی، پنجاب کے معاملات میں سپیس کا ایشو تھا، بلدیاتی انتخابات کا معاملہ ہے، پیپلز پارٹی چاہتی ہے کوئی انتقام کا نشانہ نہ بنے۔
ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے پنجاب میں اچھی گورننس دی جائے، کافی حد تک بات ہو چکی ہے، تحریری معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے بات چیت ہو رہی ہے۔