(لاہور نیوز) ٹیلی ویژن کے مشہور پروگرام 'کسوٹی' سے شہرت حاصل کرنے والے نامور دانشور، ادیب اور کالم نگار عبید اللہ بیگ کی آج 12 ویں برسی ہے۔
معروف دانشور، اردو ادیب، ناول نگار اور کالم نگار عبید اللہ بیگ 1936ء میں پیدا ہوئے ان کا اصل نام حبیب اللہ بیگ تھا، انہوں نے اپنی عملی زندگی کا آغاز صحافت کے شعبے سے کیا بعد ازاں وہ ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن سے منسلک ہوئے جہاں مشہور پروگرام کسوٹی ان کی پہچان بنا۔
عبید اللہ بیگ کی کئی دستاویزی فلموں کو عالمی اعزازات بھی ملے، انہیں زبان و بیان پر مکمل عبور حاصل تھا، عبید اللہ بیگ نے دو ناول بھی لکھے اور ماحولیات پر شائع ہونے والے ایک رسالے کی ادارت بھی کی۔
عبید اللہ بیگ کی خدمات کے اعتراف میں 2008ء میں حکومت پاکستان نے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا، وہ 22 جون 2012ء کو کراچی میں خالق حقیقی سے جاملے، ان جیسی علمی شخصیت کا خلا پُر ہونا بہت مشکل ہے۔