(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے سانگھڑ میں ظالم وڈیرے کے ہاتھوں اونٹ کے ساتھ پیش آنے والے دلخراش واقعے پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔
سندھ کے علاقے سانگھڑ میں اپنی زمینوں میں داخل ہونے پر ظالم وڈیرے نے ملازمین کے ہمراہ اونٹ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد تیز دھار آلے سے اس کی ٹانگ کاٹ دی۔اس دلخراش واقعے پر جہاں اونٹ کا مالک غم میں مبتلا ہے تو وہیں پاکستانی اداکاروں کی جانب سے بھی ظالم وڈیرے کے دردناک رویے پر برہمی کا اظہار کیا گیا ہے۔
اداکار اُسامہ خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں زخمی اونٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ دُنیا بھر کے مسائل پر بات کرنے والے اپنے ملک کے مسائل پر کب بات کریں گے؟اُسامہ خان نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ انسانیت کہاں ہے؟
اداکارہ دنانیر مبین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ظالم وڈیرے کے خلاف آواز اُٹھاتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ انسان اس سے زیادہ بےحس نہیں ہوسکتا۔یشما گل نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں اونٹ کے دردناک واقعے کی خبر شیئر کی اور کہا کہ میں مزید یہاں نہیں رہنا چاہتی۔اداکارہ نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتنی ظالم جگہ ہے جس کا ہم حصہ ہیں۔