(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ کبریٰ خان نے فلموں میں رومانوی کردار نبھانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
نجی ٹی وی نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کبریٰ خان کا کہنا تھا کہ مجھ سے مزاحیہ کردار بالکل نہیں ہوتے جبکہ میں عام زندگی میں بہت ہنس مُکھ اور مزاحیہ ہوں اس لیے مجھے لگتا ہے کہ میری کامیڈی ٹائمنگ تھوڑی آف ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں فلموں میں رومانوی کردار ادا کرنا چاہتی ہوں اور برسوں سے اپنے ڈائریکٹرز سے کہہ رہی ہُوں کہ مجھ سے کوئی رومانوی کردار کروا لیں لیکن کوئی میری سنتا ہی نہیں۔
کبریٰ خان کا کہنا تھا کہ مجھے بچپن سے رقص کا بے حد شوق ہے، میں آئینے کے سامنے کھڑی ہو کر رقص کرتی تھی، میں مادھوری ڈکشٹ کی دِیوانی ہوں اُن جیسا رقص کوئی نہیں کر سکتا۔
اداکارہ نے بتایا کہ میری نئی فلم "ابھی" عید الاضحیٰ پر ریلیز ہو رہی ہے جس میں 6 گانے شامل ہیں، میرے والدین لندن میں رہتے ہیں لیکن میں روزگار کی خاطر پاکستان آئی ہوں۔