(ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 سے پاکستان کے باہر ہونے کے بعد عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر کا کرکٹ سے دل بیزار ہوگیا۔
14 جون کو فلوریڈا میں امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا، گروپ اے سے بھارت اور امریکا سپر 8 کے لیے کوالیفائی کر گئے جبکہ پاکستان اور آئرلینڈ ایونٹ سے باہر ہوگئے۔پاکستان کے عالمی ایونٹ سے باہر ہونے پر جہاں شائقین کرکٹ قومی ٹیم پر سیخ پا ہیں تو وہیں شوبز شخصیات بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے غصے کا اظہار کرتی نظر آرہی ہیں۔
اس حوالے سے علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پاکستانی ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ کے گولڈ میڈل جیتنے کی خبر شیئر کی۔علی ظفر نے خبر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کرکٹ کے علاوہ بھی دیگر کھیل اور کھلاڑی ہیں، ویلڈن نوح بٹ! آپ چھاگئے۔
واضح رہے کہ ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے رواں ماہ کے آغاز میں ازبکستان میں ہونے والے اسٹرانگ مین گیمز میں بھارتی حریف کو ہرا کر گولڈ میڈل جیت لیا تھا۔اسٹرانگ مین گیمز میں پاکستان، آسٹریلیا، ترکیہ، امریکا، ایران اور بھارت سمیت 16 ممالک نے حصہ لیا تھا، اس ایونٹ میں نوح بٹ نے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی۔