10 Jun 2024
(لاہور نیوز) ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 902 میگاواٹ تک پہنچ گیا جس کے باعث 14 گھنٹے کی بدترین لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 26 ہزار میگا واٹ جبکہ پیداوار 20 ہزار 98 میگا واٹ ہے، پن بجلی ذرائع سے 6 ہزار 888 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔
اسی طرح سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 790 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 7 ہزار 980 میگاواٹ ہے جبکہ ونڈ پاور پلانٹس سے 877 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سولر پاور پلانٹس سے 198، بگاس سے 143 اورنیوکلیئر پاور پلانٹس سے 3 ہزار 222 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملک بھر میں 8 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے جبکہ لائن لاسز والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ12 سے 14 گھنٹے ہے۔