(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کو مزید بہتر کیا جائے۔
لاہور میں ڈومیسٹک سیزن 25-2024 کرکٹ ڈھانچے اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) گورننگ کونسل کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کی۔
اجلاس میں شرکا سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کو مزید بہتر کیا جائے، ڈومیسٹک کرکٹرز کے لئے کھیلنے اور آمدن کے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں، پروفیشنل کرکٹرز سال بھر مصروف رہیں تاکہ وہ بہتری لاتے رہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن کرکٹ کیلنڈر میں اضافی ٹی 20 اور 4 روزہ ایونٹس شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایونٹس کا شیڈول تیار کر کے پیش کریں جو بین الاقوامی کرکٹ کے خلا کو پر کر سکے، ڈومیسٹک کرکٹرز کو اگر قومی ڈیوٹی کے لئے ضرورت پڑے تو وہ اس کے لئے پہلے سے تیار ہوں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایک مضبوط، مسابقتی اور مضبوط ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچہ کھلاڑیوں کے پول کو بڑھانے میں مدد کرے گا جس سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو فائدہ ہو گا۔