25 May 2024
(ویب ڈیسک) پولینڈ میں ہونے والے نو ملکی نیشنز کپ کی تیاری کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم نیدرلینڈز پہنچ گئی جہاں قومی ٹیم ایمسٹرڈیم میں کلبز ٹیموں کے ساتھ پریکٹس میچ بھی کھیلے گی۔
پاکستان ہاکی ٹیم ایمسٹرڈیم میں ڈچ کوچ رولینٹ آلٹمنز کی نگرانی میں پریکٹس کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو 20 مئی کو نیدرلینڈز روانہ ہونا تھا تاہم شینجین ویزا نہ ملنے کے باعث قومی ٹیم کی نیدرلینڈز روانگی میں تاخیر ہوگئی تھی۔
نیشنز کپ کی تیاری کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم نے نیدرلینڈز میں بھی ایک ہفتے تیاری کا پلان بنایا تھا اور اس سلسلے میں 22 مئی کو نیدرلینڈز کی نیشنل ٹیم کے ساتھ میچ بھی پلان کیا گیا تھا لیکن ویزے میں تاخیر کی وجہ سے نیدرلینڈز کے ساتھ میچ ملتوی کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ نو ملکی نیشنز کپ پولینڈ میں 31 مئی سے شروع ہوگا۔