(ویب ڈیسک)ماہرین کی جانب سے فالسے کی افادیت سے متعلق تفصیلی تحقیق جاری کردی گئی ۔
ماہرین کا فالسے کے استعمال سے متعلق جاری کردہ تحقیق میں کہنا تھا کہ فالسہ اینٹی آکسیڈنٹس مرکبات اینتھوسیانز اور فینولک سے بھرپور ہوتا ہے جس سے تناؤ کو کم کرنے، کینسر اور ذیابیطس جیسی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے جبکہ فالسے میں بایو ایکٹیو مرکبات ہوتے ہیں جو سوزش کو کم کرتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق فالسے میں پوٹاشیم کی مقدار زیادہ جبکہ سوڈیم کی مقدار کم ہوتی ہے جس سے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے، اس کا باقاعدہ استعمال بلڈ پریشر اور دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کر سکتا ہے،اسی طرح فالسے میں کیلوریز کم ہوتی ہیں لیکن غذائی ریشہ زیادہ ہوتا ہے جس سے آپ کو پیٹ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے۔
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ فالسے میں موجود فائبر آنتوں کی حرکت میں مدد کرتا ہے اور صحت مند نظام انہضام کو فروغ دیتا ہے۔ بہتر ہاضمہ قبض کو روک سکتا ہے اور گیس کی شکایت کو رفع کرتا ہے۔فالسے میں وٹامن سی اور دیگر ضروری غذائی اجزاء ہوتے ہیں جو مدافعتی نظام کو مضبوط بناتے ہیں۔ ایک مضبوط مدافعتی نظام جسم کو انفیکشن سے بچنے اور بیماریوں سے جلد صحت یاب ہونے میں مدد کرتا ہے۔