22 May 2024
(ویب ڈیسک) لاہورکے علاقے مسلم ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی کی اہلیہ نے مبینہ نوسر بازی کی واردات میں لاکھوں روپے مالیت کے زیورات لوٹے جانے کا دعویٰ کردیا تاہم پولیس نے معاملے کو مشکوک قرار دیدیا ہے۔
بھکر سے رکن پنجاب اسمبلی سعید اکبر نوانی کی اہلیہ نفیسہ سعید نے مسلم ٹاؤن لاہور میں ون فائیو پر کال کی کہ ایک ڈالے پر سوار 4 افراد نے چیکنگ کے بہانے روک کر 73 لاکھ روپے مالیت کے 29 تولے کے زیورات اور 44 ہزار کیش لوٹ لیا ہے۔
پولیس کے مطابق نفیسہ سعید نے پہلے 10 تولے اور پھر 29 تولے زیورات چھینے جانے کی کال چلائی، سیف سٹی کیمروں سے چیکنگ کی گئی تو معاملہ مشکوک نکلا اور واردات کے شواہد نہیں ملے۔
پولیس کے مطابق ان کی گاڑی کھڑی تھی لیکن قریب کوئی گاڑی یا شخص نہیں رُکا تاہم معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔