21 May 2024
(لاہور نیوز) ٹیریان وائٹ کیس پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین رکنی بینچ کے فیصلے پر تحریک انصاف نے خیر مقدم کیا۔
تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ عدت کیس کی طرح یہ معاملہ بھی منصوبہ سازوں کی ذہنی پستی کی علامت تھا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو ججز اس معاملے پر پہلے ہی فیصلہ صادر کر چکے تھے، اسے تکنیکی طور پر دوبارہ زندہ کرنے کی مایوس کن کوشش کی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ قوم سمجھ چکی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف قائم تمام مقدمات کے اہداف سیاسی ہیں، ان تمام مقدمات کے اہداف بانی پی ٹی آئی کو جھکنے پر مجبور کرنا یا ان کی کردار کشی کرنا ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان نے مزید کہا کہ 9 ماہ سے ناحق قید کا شکار ہونے کے باوجود بانی پی ٹی آئی خوفزدہ ہیں نہ عوام کو ان سے الگ کر پایا گیا، بانی پی ٹی آئی کے خلاف تمام جھوٹے مقدمات جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔