(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی کی درخواست ضمانت منظورکرلی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر نے محفوظ فیصلہ سنا دیا، پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ضمانت منظور کی۔
گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
دوران سماعت وکیل پرویز الہٰی نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ اینٹی کرپشن نے مقدمہ دو سال کی تاخیر سے درج کیا۔
وکیل عامر سعیدراں نے عدالت کو بتایا کہ پرویز الہٰی نے کسی امیدوار سے بھرتی کی رقم وصول نہیں کی، ان کا اس بھرتی سے کوئی تعلق نہیں تھا، اینٹی کرپشن نے پرویز الہٰی کے گھر سے جعلی ریکوری ڈالی۔
اس پر وکیل اینٹی کرپشن نے کہا کہ پرویز الہٰی پر مقدمہ قانون کے مطابق درج کیا گیا ہے، پرویز الہٰی کو 25 اکتوبر 2023 کو گرفتار کیاگیا۔
بعد ازاں فریقین کے دلائل سننے کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو آج سناتے ہوئے چودھری پرویز الہٰی کی ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔