20 May 2024
(لاہور نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں رہنما تحریک انصاف چودھری پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت قبل از وقت قرار دے کر خارج کردی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ خدشہ ہے پرویز الٰہی کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار کرلیا جائے گا، سابق وزیراعلیٰ اس وقت دیگر مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، عدالت جناح ہاؤس حملہ کیس میں مرکزی رہنما تحریک انصاف کی ضمانت منظور کرے۔
دوران سماعت پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ درخواست ضمانت میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، پرویز الہٰی کو مقدمے میں گرفتار ہی نہیں کیا گیا۔
بعدازاں عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں چودھری پرویز الہٰی کی ضمانت کی درخواست قبل ازوقت قرار دیتے ہوئے نمٹا دی۔