(ویب ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے قومی ہاکی ٹیم کو استقبالیہ دیا اور اذلان شاہ ہاکی کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر کھلاڑیوں کی تعریف بھی کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستانی ہاکی ٹیم نے آرمی چیف کی دعوت پر جی ایچ کی کا دورہ کیا اور آرمی چیف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر طارق حسین اور پی ایچ ایف کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نے کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت کی اور اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر اُن کی تعریف کی۔انہوں نے گفتگو میں کہا کہ ’’ہاکی ٹیم نے اچھا کھیل پیش کر کے قوم کو فخر کا موقع فراہم کیا ہے۔ہم ان کی مسلسل کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے جامع تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
آرمی چیف نے کھلاڑیوں کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کےصدر نے ٹیم سے ملاقات اور بات چیت کے موقع پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔