(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ بااختیار مقتدرحلقوں کو مذاکرات کی دعوت کا مثبت جواب دینا چاہیے۔
اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ مذاکرات ہی موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہیں، بانی پی ٹی آئی اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ ملک و قوم کیلئے مذاکرات پر رضامند ہوئے ہیں۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ صرف بااختیار مقتدر حلقوں سے مذاکرات ہی نتیجہ خیز ثابت ہو سکتے ہیں، بااختیار مقتدرحلقوں کو سابق صدر عارف علوی کی مذاکرات کی دعوت کا مثبت جواب دینا چاہیے، موجودہ حالات میں مذاکرات سے انکار ملک و قوم کے ساتھ خیر خواہی نہیں ہو گی۔
چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ن لیگ، پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکرات کو سبوتاژ کر رہی ہے، ن لیگ جانتی ہے پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ مذاکرات کے نتیجے میں اسے پنجاب میں پی ٹی آئی کا چوری شدہ مینڈیٹ واپس کرنا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کو پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ مذاکرات میں اپنی سیاسی موت نظر آتی ہے۔