(لاہور نیوز) خوراک کے نام پر صحت دشمن کاروبار کرنے والوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔
چھٹی کے روز ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے ٹیموں کے ہمراہ ٹولنٹن مارکیٹ، گوالمنڈی اور لکشمی چوک میں 30 ناشتہ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران ناقص انتظامات پر 2 ناشتہ پوائنٹس کو سیل کردیا۔
فوڈ اتھارٹی کی جانب سے غیر معیار خوراک پر 18 فوڈ پوائنٹس کو 2لاکھ 45 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے جبکہ مقدمہ درج کر کے ایک دودھ بردار گاڑی ضبط کرلی، فوڈ اتھارٹی نے 10 پوائنٹس کو اصلاحی نوٹس جاری کیے جبکہ 3200 لٹر ملاوٹی دودھ اور 1400 کلو سے زائد ناقص گوشت اور ممنوعہ اشیاء تلف کیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہناہے ناکہ بندی کے دوران 41 دودھ بردار گاڑیوں میں آنے والے 42 ہزار لٹر دودھ کا معائنہ کیا گیا، ناشتہ پوائنٹس کے کچن ایریا میں فنگس زدہ فریزر، بدبودار واشنگ ایریا ہونے پر فوڈ پوائنٹس کو بند کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ فوڈ پوائنٹس کے سٹوریج ایریا میں مکھیوں اور دیگر حشرات کی بھرمار پائی گئی، زائد المیعاد گوشت،صفائی اور سٹوریج کےانتہائی ناقص انتظامات پائے گئے، زنگ آلود فرائنگ کڑاہیوں میں ناقص آئل سے اشیا کو فرائی کیا جارہا تھا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ قصور روڈ پر سپلائی کے لیے تیار ملاوٹی دودھ پکڑ کر لاہوریوں کو زہر پینے سے بچا لیا گیا، دودھ کے نام پر سفید محلول کے سپلائر کیخلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔