(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کو فتنہ پھیلانے والے ٹولے نے اپنے ہی ملک پر حملہ کیا، واقعہ بھولنے نہیں دیں گے، سانحہ 9 مئی کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ کل 9 مئی کے دلخراش واقعات کو ایک سال مکمل ہو جائے گا، 9 مئی کو ملکی دفاع کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی، 9 مئی واقعات میں ملوث افراد کو کیا سزا ملی اس پر بھی بات ہونی چاہئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چاہے کیسے بھی سیاسی معاملات ہوں ہم نے ملکی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دی، گھناؤنی سازش کرنے والوں کے چہرے بے نقاب کریں گے، جو کام دشمن بھی نہ کر سکا ان لوگوں نے وہ سازش کی۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، جو لوگ اس میں ملوث تھے ان کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ آپ نے شہدا کے مجسموں کو آگ لگا دی، یادگاروں کو اینٹیں ماریں، یہ ملک سب سے پہلے ہے اور سیاست بعد میں ہے، دشمن جانتے ہیں افواج پاکستان کا دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتا ہے، بھارت کے 2 طیارے گرانے کا واقعہ منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ٹولہ سیاسی مفادات کیلئے اپنے ہی ملک کے خلاف سازش پر اتر آیا، ایک ٹولے نے اپنے ہی ملکی دفاع کے خلاف سازش کی، 9 مئی واقعات میں ملوث عناصر کو سزائیں کیوں نہیں ہوئیں، نوجوانوں کو استعمال کیا گیا بعد میں کسی نے نہیں پوچھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ نے اختلاف نہیں، آپ نے ملک دشمنی کی ہے، آپ دیکھیں کشمیر میں اور بارڈر پر مسلمانوں کا کیا حال ہے، میں عدلیہ سے مطالبہ کرتا ہوں ان لوگوں کو سزا کیوں نہیں دی گئی۔