(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے برائلر مرغی کے تاجروں پر کیسز درج کرنے کیخلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست خارج کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے پنجاب پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں حکومت پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولٹری ایسوسی ایشن کے ممبران کیخلاف آئے روز کیسز درج کئے جارہے ہیں، پولیس مہنگے داموں برائلر مرغی فروخت کرنے کے الزام پر کیسز درج کررہی ہے، عدالت کے حکم پر برائلر مرغی کی قیمت کے تعین کیلئے کمیٹی بنائی گئی، کمیٹی برائلر مرغی کی قیمت کا تعین کرتی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ برائلر مرغی کے تاجروں کیخلاف غیر قانونی کیسز درج کئے جارہے ہیں، عدالت برائلر مرغی کے تاجروں کیخلاف کیسز درج کرنے سے روکنے کا حکم دے۔
لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا گیا کہ اسی نوعیت کی درخواست پر پہلے آرڈر ہوچکاہے، ایک ہی مسئلے پر دوسری بار درخواست دائر نہیں کی جاسکتی۔
بعدازاں عدالت عالیہ نے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔